گوجرانوالہ میں دو خواجہ سراؤں کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق شہزادی اور زینی نامی خواجہ سراؤں کو سر میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ خواجہ سراؤں کے قتل کا مقدمہ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا ہے۔مقدمہ مقتول خواجہ سراء شہزادی کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
دونوں خواجہ سراؤں کو گذشتہ رات گھر میں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔سی پی او گوجرانوالہ سرفراز فلکی کے مطابق خواجہ سراؤں کے قتل کے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ایس پی سٹی کی زیر نگرانی ٹیم کو قاتلوں کی گرفتاری کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق خواجہ سراء کرائے کے مکان میں موجود تھے۔
موٹرسائیکل پر سوار ملزمان آئے اور گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے خواجہ سراؤں کو قتل کیا گیا۔
اس دوران گھر سے گانے بجانے کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔ خواجہ سراؤں نے اپنے ساتھیوں کی ہلاکت پر مطالبہ کیا کہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے اور خواجہ سراؤں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔اس سے قبل خواجہ سراؤں پر تشدد کے کئی واقعات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔سیالکوٹ میں خواجہ سرا پر تشدد کے الزام میں 6 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق سیالکوٹ کے نواحی گاؤں سیداں والی میں پیش آنے والے واقعے میں ملوث 6 ملزمان کو صدر کے علاقے سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق صبا نامی خواجہ سرا کی میڈیکل رپورٹ کے بعد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ملزمان خواجہ سرا کو ڈنڈوں سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔خواجہ سرا کے مطابق ملزمان نے تشدد کے بعد اس کے سر کے بال بھی کاٹ دئیے تھے۔