معروف سوشل اینڈ میسجنگ موبائل ایپلی کیشن واٹس ایپ نے صارفین کے لیے اپنی چیٹ کو محفوظ بنانے کے لیے چار طریقے بتائے ہیں۔
واٹس ایپ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کی گئی ہے جس میں واٹس ایپ نے صارفین کو اپنی چیٹ محفوظ بنانے کے لیے چار طریقوں سے آگاہی فراہم کی ہے۔
تو آئیے جانتے ہیں وہ چار طریقے کون سے ہیں جن کی مدد سے واٹس ایپ صارفین اپنی چیٹ کو زیادہ سے زیادہ محفوظ بنا سکتے ہیں۔
ٹو اسٹیپ ویری فکیشن
ویڈیو میں پلیٹ فارم نے پہلا آپشن ٹواسٹیپ ویری فکیشن بتایا ہے جس کی موجودگی میں کوئی غیرمتعلقہ شخص واٹس ایپ صارف کے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل نہیں کرسکتا۔
یہ فیچر استعمال کرنے کے لیے صارفین کو واٹس ایپ کی سیٹنگ میں جاکر اکاؤنٹ کا انتخاب کرکے 6 ہندسوں کا کوڈ ڈالنا ہوگا جس کے بعد یہ آپشن فعال ہو جائے گا۔
اگر کوئی صارف سیکیورٹی کوڈ بھول جائے تو اسے ای میل کے ذریعے تبدیل کرا سکے گا۔
رپورٹنگ اسپیم
اگر کوئی ایسا شخص جو آپ کے کانٹیکٹ لسٹ میں شامل نہ ہونے کے باوجود آپ کو میسیج بھیج رہا ہے یا پھر اگر کوئی میسیج آپ کو مشکوک محسوس ہو رہا ہے تو آپ اس کی اطلا فوری طور پر واٹس ایپ کو دے سکتے ہیں۔
اس نمبر سے بھیجے گئے میسیج پر جب آپ کلک کریں گے تو آپ کی موبائل اسکرین پر تین آپشن نمودار ہوں گے، آپ ان میں رپورٹ کا آپشن منتخب کرکے واٹس ایپ کو اطلاع کر سکتے ہیں۔
ذاتی معلومات
واٹس ایپ انتظامیہ آپ کو پرسنل پروفائل کانٹیکٹ میں شامل شامل ہر فرد یا پھر کسی کے ساتھ بھی شیئر نہ کرنے کا آپشن فراہم کرتا ہے، اس آپشن کے ذریعے آپ اپنی خواہش کے تحت کوئی بھی آپشن منتخب کر سکتے ہیں۔ آپ اپنی پروفائل فوٹو کو تمام کانٹیکٹس یا پھر کسی کے ساتھ بھی شیئر نہ کریں یہ آپ کی مرضی ہے۔
کوئی بھی آپ کا پیغام نہیں پڑھ سکتا
اس طریقہ کار میں واٹس ایپ کی جانب سے ایک بار پھر صارفین کو یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ کوئی بھی آپ کے پیغامات نہیں پڑھ سکتا۔
واٹس ایپ کے مطابق صارفین کی چیٹ مکمل طور پر ذاتی ہے،کوئی بھی شخص انہیں نہ دیکھ سکتا ہے اور نہ پڑھ سکتا ہے، یہاں تک کہ پلیٹ فارم بھی نہیں۔