سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری ، سینیٹ الیکشن کے لیے پولنگ 3 مارچ کو ہو گی 3 مارچ کو سینیٹ کی 48 نشستوں پر الیکشن ہوں گے ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان

پاکستان میں سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملک میں سینیٹ الیکشن 3 مارچ کو ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کے بیان کے مطابق سینیٹ الیکشن کے لیے پولنگ 3 مارچ کو ہو گی۔ الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے لیے شیڈول جاری کرتے ہوئے بتایا کہ سینیٹ الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی 12 سے 13 فروری تک جمع کروائے جا سکیں گے۔
نامزد اُمیدواروں کے نام 14 فروری کو لگائے جائیں گے۔ جس کے بعد سینیٹ انتخابات کے لیے اُمیدواروں کی جانب سے جمع کروائے جانے والے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 15 اور 16 فروری کو ہوگی۔ خیال رہے کہ ملک بھر کی سیاسی جماعتیں بالخصوص حکومتی جماعت اور پی ڈی ایم میں شامل اپوزیشن جماعتیں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے تیاریوں میں مصروف ہیں۔
(جاری ہے)

پی ڈی ایم نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے سینیٹ میں مشترکہ اُمیدوار لانے کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے بھی سینیٹ انتخابات کے لیے اُمیدواروں کی فہرست کو حتمی شکل دے دی ہے۔

ایک طرف جہاں حکومتی جماعت سینیٹ انتخابات کے لیے تیاریاں کر رہی ہے وہیں دوسری جانب سینیٹ انتخابات سے پہلے مظفر گڑھ سے تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی خرم لغاری نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔ رکن پنجاب اسمبلی خرم لغاری کا کہنا تھا کہ وہ اکیلے ہی نہیں دیگر ارکان اسمبلی بھی پارٹی چھوڑیں گے، متعدد بار حلقے کے مسائل پر آواز اٹھائی مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ میرے ساتھ 5 اور ارکان اسمبلی بھی پارٹی چھوڑیں گے، پارٹی چھوڑنے کی وجوہات پریس کانفرنس میں بتاؤں گا۔ واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات سے قبل 2018ء کے سینیٹ انتخابات میں اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت کی بھی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس پر ایکشن لیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے خیبرپختونخواہ کے وزیر قانون سلطان خان سے ویڈیو اسکینڈل میں مبینہ ملوث ہونے پر مستعفی ہونے کی ہدایت کی تھی۔ سینیٹ انتخابات سے قبل گذشتہ سینیٹ انتخابات میں اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت کی اس ویڈیو کے لیک ہونے کی ٹائمنگ کو خاصی اہم قرار دیا جا رہا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں