لاہور : گورنر پنجاب چوہدری سرور کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات کیلئےبھی حکومت اور اتحادی جماعتیں ایک پیج پرہیں، 3 مارچ کو سینیٹ انتخابات کا معرکہ بھی پی ٹی آئی جیتے گی۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے پارٹی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 26مارچ دور ہے پتہ نہیں پی ڈی ایم لانگ مارچ پر قائم رہتی ہے یا نہیں، حکومت مضبوط ہے لانگ مارچ کا سامنا کر نے کو تیار ہے۔
گورنرپنجاب کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کیلئےبھی حکومت اور اتحادی جماعتیں ایک پیج پرہیں لیکن پی ڈی ایم جماعتیں کبھی ایک پیج پرآئی ہیں اورنہ ہی آئندہ آئیں گی۔
چوہدری محمد سرور نے کہا کہ 3 مارچ کو سینیٹ انتخابات کا معرکہ بھی پی ٹی آئی جیتے گی، سیاسی مخالفین کے پاس کوئی نظریہ یا اصول نہیں ، پی ڈی ایم عارضی اتحاد ہے ، حکومت کی مضبوطی کے بعد اپوزیشن کو سمجھ نہیں آرہی وہ اب کیا کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ اداروں کو سیاست میں نہیں گھسیٹنا چاہیے، اداروں کی مضبوطی ملک کی مضبوطی ہے، اپوزیشن کے پاس حکومتی مینڈیٹ تسلیم کرنے کے سوا کوئی آپشن نہیں۔
گورنرپنجاب نے مزید کہا کہ وزیراعظم عام آدمی کی ترقی اورخوشحالی کیلئے کام کررہےہیں، صحت انصاف کارڈ جیسے منصوبےعوام دوستی کی عظیم مثال ہیں۔