استنبول : ڈرامہ سیریل ارتغرل غازی کے مرکزی کردار اینگن التان نے پاکستانی کمپنی کے ساتھ معاہدہ منسوخ کردیا ، ان کا کہنا ہے کہ کاشف ضمیر نے معاہدے کے تحت دی گئی مدت میں کسی بھی شرائط کو پورا نہیں کیا۔
ترک اداکار اینگن التانے کہا کہ پاکستانی کمپنی کے ساتھ بطور برانڈ ایمبسڈر معاہدے کو منسوخ کرتا ہوں۔,اداکار شرائط و ضوابط کو حتمی شکل دینے کے لیے کمپنی کے ایم ڈی کاشف ضمیر سے ملاقات کے لیے پاکستان بھی آیا تھا۔ کاشف ضمیر نے معاہدے کے تحت دی گئی مدت میں کسی بھی شرائط کو پورا نہیں کیا۔
اینگن التان کا کہناتھا کہ کاشف ضمیر کی جانب سے میڈیا کو دیے گئے جھوٹے بیانات اور غلط معلومات سے سخت دکھ پہنچا، کمپنی کی جانب سے معاہدے کے مطابق رقم کا آدھا حصہ بھی ادا نہیں کیا گیا۔کاشف ضمیر سے اب کوئی واسطہ نہیں۔اور اس کی کمپنی کے ساتھ مستقبل میں بھی کام کا کوئی ارادہ نہیں۔ ترک اداکار کا مزید کہنا تھا کہ ترک پاکستان کے مابین دوستانہ روابط اور باہمی ثقافت کے لیے پرعزم ہوں، انشااللہ جلد ذاتی حیثیت میں پاکستان کا دوبارہ دورہ کروں گا۔
واضح رہے کہ نجی کمپنی کے مالک اور ٹک ٹاکر کاشف ضمیر نے اینگن التان کے ساتھ ایک ملین ڈالر کا معاہدہ کیا تھا اور اسی معاہدے کی مزید کارروائی کے لیے اینگن التان گزشتہ ماہ پاکستان کے شہر لاہور آئے تھے۔تاہم ارطغرل کے واپس ترکی جانے کے بعد کاشف ضمیر کے فراڈ، چوری اور ڈکیتی سمیت 8 مقدمات میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا تھا اور کاشف ضمیر کو گرفتار بھی کیا گیاتھا۔