نواز شریف کو وطن واپسی کا سرٹیفیکیٹ جاری کرسکتے ہیں، وزیر داخلہ شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ درخواست پر نواز شریف کو پاکستان آنے کا سرٹیفکیٹ جاری کیا جا سکتا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف کے پاسپورٹ کی مدت آج رات ختم ہوجائے گی، انہیں ملک واپس آنے سے نہیں روکا جارہا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہائیکورٹ کا فیصلہ ہے نواز شریف پاکستان واپس آئیں، جس کا نام ای سی ایل میں ہو اسے پاسپورٹ جاری نہیں کیا جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے نواز شریف کو جو اجازت دی انہوں نے غلط استعمال کی۔ انہوں نے واپس نہیں آنا صرف باتیں ہی کرتے ہیں.

وفاقی وزیر نے کہا کہ مریم نواز نے سرجری کی بات کی، اگر وہ درخواست نہیں کرنا چاہتی تو نہ کریں اچھی بات ہے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ لوگ سیاست کےلیے ملک چھوڑ کرجاتے ہیں تو ووٹ کے لیے کچھ بھی کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 3 مارچ سے اوپن بیلٹ سے متعلق اہم فیصلہ آجائے گا، وہ لوگ جو سارے نظام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں یہ ان کی بہت بڑی شکست ہے، 15 دن تک سرپرائز کی باتیں ہی ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں پر لعنت بھیجنے والے اسمبلی سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ آصف زرداری کو اس بار مایوسی ہوگی، جس طرح الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنے کی اجازت دی آئندہ بھی دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے اتنے فیصلے بدلے ہیں، لانگ مارچ کا فیصلہ بھی رمضان کے بعد کرلیں۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پچھلی دفعہ ایک بیان ازراہ مذاق ہی دیا تھا اس پر معذرت خواہ ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں