پی ٹی آئی حفیظ شیخ کو سینیٹ میں لانے کیلئے متحرک

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹ انتخابات میں مشیرخزانہ حفیظ شیخ کو کامیاب کرانے کیلئے سر توڑ کوششیں شروع کر دی ہیں اور اس سلسلے میں سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں کی جا رہی ہیں۔

پی ٹی آئی کے وفد نے کراچی میں ایم کیو ایم اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس(جی ڈی اے) کے رہنماؤں سے الگ الگ ملاقات کی ہے۔

دونوں ملاقاتوں میں سینیٹ انتخاب میں حمایت کیلئے بات چیت کی گئی۔ پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ سیکرٹ بیلٹ ہوئی تو حکمراں جماعت کی سیٹیں بڑھ جائیں گی۔

جی ڈی اے اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کی ملاقات میں ایم کیوایم کے بھی چرچے رہے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا وہاں پر ایک مالک نہیں اس لیے مسائل ہیں۔
اسد عمر نے ارباب غلام رحیم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ایم کیوایم والے بڑی تیاری سے آتے ہیں، آپ لوگوں نے تو ان کے ساتھ کام کیا ہوا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے کہا ہم نے ان کو بھگتا ہوا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو سینیٹ میں لانا چاہتی ہے اور وہ اسلام آباد کی جنرل نشست پر سینیٹ کے امیدوار ہیں۔

سینیٹ الیکشن میں اسلام آباد کی واحد جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے حفیظ شیخ اور اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ کے مشترکہ امیدوار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے درمیان ون آن ون مقابلہ متوقع ہے۔

پی ٹی آئی امیدوار عبدالحفیظ شیخ نے اس ضمن میں ہم نیوز کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن دو شخصیات کے درمیان نہیں بلکہ دوپارٹیوں کے درمیان ہے۔

حفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ میں نے یوسف رضا گیلانی کی وزارتِ عظمیٰ کے دوران ان کے ساتھ کام کیا ہے، ہماری خواہش ہے کہ سینیٹ انتخابات شفاف طریقے سے ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں