مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ ہمیں کرپٹو کرنسی سے چھٹکارا پانا ہو گا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ٹیسلا کمپنی کے بانی ایلون مسک کے برعکس مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس ڈیجیٹل کرنسیوں سے مطمئن نہیں ہیں۔
بل گیٹس کا کہنا ہے کہ کرپٹو کرنسی سمیت دیگر ڈیجیٹل کرنسیوں کے بغیر بھی لوگ زندہ رہ سکتے ہیں۔ کرپٹو کرنسی سے مخصوص مجرمانہ سرگرمیوں کا موقع ملتا ہے اس لیے بہتر یہی ہے کہ اس سے نجات حاصل کر لی جائے۔
انہوں نے کہا کہ گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے رقم کو ڈیجیٹل فارم میں منتقل کرنے پر کام کیا جا رہا ہے کیونکہ اس سے ترقی پذیر ممالک میں اخراجات کو کم کیا جا سکتا ہے لیکن ایسا عملی وجوہات کی وجہ سے ہی کیا جائے گا۔
بل گیٹس نے کہا کہ میں کسی بٹ کوائن کا مالک نہیں ہوں اور میں نے بٹ کوائن کے حوالے سے غیر جانبدار رویہ اختیار کیا ہے۔
انہوں نے کہا مجھے ممکنہ طور پر حیاتیاتی ہتھیاروں کے بارے میں کہنا چاہیے، وہ بہت بڑی چیز ہے، ہمیں اس قسم کی ٹیکنالوجی کی ضرورت نہیں۔
ماضی میں بھی بل گیٹس کہہ چکے ہیں کہ بائیو ٹیررازم ایک بڑا خطرہ ہے اور انسانیت کے لیے بہت بڑا سانحہ ثابت ہوسکتا ہے۔
مائیکروسافٹ کے بانی نے مزید کہا بٹ کوائن اوپر اور نیچے جاسکتے ہیں کیونکہ اس کا انحصار کرنسی کے حوالے سے لوگوں کے خیالات پر ہے اور میں پیشگوئی نہیں کرسکتا کہ یہ کس طرح آگے جائے گی۔
خیال رہے کہ دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ اس کی جانب سے بٹ کوائن میں ڈیڑھ ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیجیٹل کرنسی کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا۔