لاہور واقعہ: ماں نے بچوں کو جلانے کا اعتراف کرلیا

لاہور: مامتا مرگئی، گھریلو جھگڑے کا خمیازہ ننھے بچوں کی جان لے گیا، گرفتار خاتون نے اعتراف جرم کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق گذشتہ روز مانگا منڈی میں پیش آئے افسوسناک واقعے کا ڈراپ سین ہوگیا، اپنے بچوں کو ہر قسم کی آفات و مصائب سے بچانے والی مامتا ہی اپنے بچوں کی قاتل نکلی ۔

دلخراش واقعے کے بعد پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے والی تنزیلہ بی بی نے گھناؤنے فعل کے ارتکاب کرلیا ہے، خاتون نے پولیس کو دئیے گئے بیان میں اعتراف کیا کہ گھریلو ناچاقی کے باعث اپنے لخت جگر کو آگ میں جھونکا، جس کے باعث وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق دونوں بچوں کاتاحال پوسٹ مارٹم نہیں ہوسکا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز بچوں کے دادا غلام رسول کی مدعیت میں تنزیلہ بی بی کیخلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، اور انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔

جھلس کر جاں بحق ہونے والے دونوں بچوں کی عمریں تین اور دو سال کی درمیان ہیں، ان کی شناخت تین سالہ فیضان اور دو سالہ عبدالرحمن کے نام سے ہوئی تھی۔
دوسری جانب اہل محلہ نے پولیس کو بتایا کہ تنزیلہ بی بی کا چھوٹے موٹے معاملات پر اکثر اپنے خاوند سے جھگڑا رہتا تھا، جس کے باعث ان کی ازدواجی زندگی میں شدید تلخی پائی جاتی تھی۔

شوہر سے جھگڑے کے بعد ملزمہ تنزیلہ اکثر اپنے والدین کے گھر چلی جاتی تھی، چھ ماہ قبل ان کا درمیان ایک تنازعہ پیدا ہوا تھا، جس کے باعث وقاص نے اپنے والدین کو بھی قتل کرنے کی کوشش کی تھی، ملزمہ کے شوہر وقاص کئی بار اس کا اظہار کرچکا تھا کہ اس کی بیوی بچوں کو قتل کردے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں