کولمبو: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سی پیک کے ذریعے اقتصادی رابطے وسط ایشیا اور سری لنکا تک بڑھائے جا سکتے ہیں، سری لنکا کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ پاکستان کے ذریعے اپنے اقتصادی و علاقائی روابط کو فروغ دے۔
تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان نے دورہ سری لنکا میں سری لنکن وزیر اعظم مہندرا راجا پکسا سے ون آن ون ملاقات کی، جس میں باہمی دل چسپی کے امور اور خطے کی صورت حال پر بات چیت کی گئی اور دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
قبل ازیں، کولمبو ایئر پورٹ پر وزیر اعظم عمران خان کا شان دار استقبال کیا گیا، سری لنکا کے وزیر اعظم نے انھیں خوش آمدید کہا، اور سری لنکن فوج کے دستوں نے وزیر اعظم کو سلامی دی۔
ون آن ون ملاقات کے بعد کولمبو میں وزیر اعظم عمران خان نے سری لنکن ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس کی، انھوں نے کہا سری لنکا کے دورے کی دعوت اور شان دار میزبانی پر میں وزیر اعظم کا شکر گزار ہوں، سری لنکا کا پہلا دورہ اس وقت کیا جب کرکٹ کیریئر شروع کیا، سری لنکن ٹیم کو ٹیسٹ اسٹیٹس دلانے میں کردار آج بھی یاد ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا پاکستان سی پیک کا اہم جزو ہے جو علاقائی روابط کے فروغ کی نئی راہیں کھولے گا، سی پیک کے ذریعے اقتصادی رابطے وسط ایشیا اور سری لنکا تک بڑھائے جا سکتے ہیں، سری لنکا کو دعوت دیتا ہوں وہ پاکستان کے ذریعے اپنے اقتصادی و علاقائی روابط کو فروغ دے۔
انھوں نے کہا پاکستان 10 سال بد ترین دہشت گردی کا شکار رہا، 70 ہزار جانوں کی قربانی دی، سری لنکا بھی بد ترین دہشت گردی کا شکار رہا ہے، پاکستان نے مشکل وقت میں سری لنکا کی بہت مدد کی، پاکستان اور سری لنکا مل کر تجارتی و اقتصادی ترقی کی منازل طے کر سکتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا پاکستان اور سری لنکا کو ایک جیسے چیلنجز کا سامنا ہے جنھیں مواقع میں بدلنا ہے، کرونا کی صورت حال میں پاکستان، سری لنکا جیسے ترقی پذیر ملکوں کے لیے ایک بڑا چیلنج سامنے آیا ہے، وزیر اعظم مہندرا راجا پکسا کے ساتھ مل کر وبا سے نمٹنے سے متعلق بات چیت ہوئی۔
وزیر اعظم نے کہا پاکستان دنیا میں کئی قدیم تہذیبوں کا امین ملک ہے، گندھارا کی صورت میں ہمارے پاس انتہائی قدیم بدھ مت کی تہذیب موجود ہے، وزیر اعظم مہندا راجا پکسا کو بدھ مت کے تاریخی مقامات کے دورے کی دعوت دیتا ہوں۔
پریس کانفرس سے خطاب میں سری لنکن وزیر اعظم مہندا راجا پکسا نے کہا وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ مذاکرات میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، پاکستان اور سری لنکا میں آزادانہ تجارتی فریم ورک کو حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق ہوا، دونوں ملکوں کے درمیان سیاحت اور ہوا بازی کے شعبوں میں تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔
راجا پکسا کا کہنا تھا وزیر اعظم عمران خان سے جنوبی ایشیا میں پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ کاوشوں پر اتفاق ہوا، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے سمیت علاقائی امن کے لیے مشترکہ کاوشوں پر بھی اتفاق ہوا۔
سری لنکن وزیر اعظم نے کہا کھیلوں کے شعبے میں پاکستان کے تعاون پر مشکور ہیں، وزیر اعظم عمران خان کا سری لنکا میں تجارت اور سرمایہ کاری فورم سے خطاب اہم پیش رفت ہے، اس خطاب سے دو طرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔