پنجاب میں ایف آئی آر درج کروانے کی شرح میں اضافہ

اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن (آئی ٹی) کے اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب میں آئی ٹی کے استعمال سے ایف آئی آر کے اندراج کی شرح میں اضافہ ہوا، صوبے میں ایف آئی آر کا اندراج 5 لاکھ سالانہ تک پہنچ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن (آئی ٹی) کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کہ وجہ سے تعطل کا شکار ہوگیا، سیکریٹری کمیٹی نے اراکین کو فون کیا اور اجلاس میں شرکت کی درخواست کی۔

اجلاس شروع ہونے پر پنجاب آئی ٹی بورڈ نے تھانوں کی آٹو میشن کے پروجیکٹ پر بریفنگ دی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں ایف آئی آر کا اندراج 5 لاکھ سالانہ تک پہنچ گیا ہے۔

بریفنگ کے مطابق آئی ٹی کے استعمال سے ایف آئی آر کے اندراج کی شرح میں اضافہ ہوا، پنجاب کے 100 فیصد تھانوں کو آٹو میٹڈ کر دیا گیا ہے، فرسٹ نیشنل کرمنل ڈیٹا بیس بنایا گیا ہے۔

پنجاب آئی ٹی بورڈ کی جانب سے بتایا گیا کہ 15 لاکھ پروفائلز نیشنل کرمنل ڈیٹا بیس میں موجود ہیں، جرائم کا ڈیٹا بیس بھی بنایا گیا ہے، جرائم کے ڈیٹا بیس میں 65 لاکھ جرائم کا ریکارڈ موجود ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں