بھارت کے امیر ترین بزنس مین مکیشن امبانی کے گھر کے باہر سے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی برآمد ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی شہر ممبئی میں مکیشن امبانی کے گھر ‘انتیلیا’ کے باہر سے مشتبہ گاڑی برآمد ہوئی جس پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مشتبہ گاڑی کی اطلاع پر پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو فوری طور پر طلب کیا گیا جنہوں نے گاڑی کی تلاشی لی جس میں سے دھماکہ خیز مواد اور ایک خط برآمد ہوا۔
رپورٹس کے مطابق خط کے متن کو خفیہ رکھا گیا ہے تاہم اس کی بنیاد پر کسی بڑی کارروائی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے جبکہ ایس یو وی گاڑی کو بھی قبضہ میں لے لیا ہے تاہم گاڑی سے متعدد جعلی نمبر پلیٹس بھی ملی ہیں۔
دوسری جانب مکیشن امبانی کے گھر کی سیکیورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔