واشنگٹن: دنیا کے امیر ترین شخص اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ اگر آپ ایلون مسک سے زیادہ امیر ہیں تو بٹ کوئن خریدیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بل گیٹس نے بٹ کوائن پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک آپ دنیا کے امیر ترین شخص نہ بن جائیں اس وقت تک بٹ کوائن کی خریداری سے گریز کریں۔
انہوں نے بٹ کوائن میں عام لوگوں کو خریداری کرنے سے منع کرتے ہوئے کہا کہ بٹ کوائن نہ صرف ماحولیات کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ اس کی کان کنی کے لیے بھی بہت زیادہ توانائی کی ضرورت ہوتی ہے۔
بل گیٹس نے کہا کہ ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا نے کرپٹو کرنسی بٹ کوائن میں ڈیڑھ ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ہے اور ایک سال کے دوران بٹ کوائن کی قدر میں 400 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا لیکن اب اس میں دوبارہ کمی آنا شروع ہو گئی ہے تاہم لوگ ڈیجیٹل کرنسی میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایلون مسک کے پاس بہت زیادہ دولت ہے اور وہ بہت ہوشیار بھی ہے۔ اس لیے ان کے لیے فکر کی کوئی بات نہیں کہ بٹ کوائن کی قیمت اوپر نیچے ہوتی رہے لیکن جن کے پاس ایلون مسک سے زیادہ پیسے نہیں ہیں انہیں بٹ کوائن نہیں خریدنا چاہیے۔