اسلام آباد : وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافےکی سمری مسترد کردی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں آئندہ پندرہ روز کے لئے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے مہنگائی کی ستائی عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی ہے اور آئندہ پندرہ روز کے لئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانےکا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے اوگرا کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 6روپے22پیسےفی لیٹراضافےکی تجویز کو مسترد کیا جبکہ ڈیزل کی فی لیٹرقیمت میں 6روپے82پیسےاضافےکی تجویز کو بھی رد کیا، فیصلے کے بعد حکومت عالمی منڈی میں پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافےکابوجھ خود برداشت کرےگی۔
اوگرا کی جانب سے مٹی کےتیل کی فی لیٹرقیمت میں 6روپے37پیسےاضافے کے سمری کو مسترد کردیا گیا ہے ساتھ ہی لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5روپے78پیسےفی لیٹراضافےکی تجویز مسترد کردی گئی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ اوگرا نےتقریباً 6 سے 7 روپےفی لیٹر تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمت بڑھانے کی تجویز کی، وزیراعظم نےاوگرا کی تجویز منظور نہیں کی۔
شہبازگل کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود وزیراعظم نے اجازت نہیں دی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔