ایپل آئی فون آرڈر کرنیوالی خاتون کو ‘ایپل جوس’ موصول

حال ہی میں ایک چینی خاتون نے ایپل کی آفیشل ویب سائٹ سے آئی فون 12 پرو میکس کا آرڈر کیا لیکن جب انہیں آرڈر موصول ہوا تو وہ دنگ ہی رہ گئیں۔

چینی خاتون نے مقامی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ویبو پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ آئی فون 12 پرو میکس خریدنے کے لیے انہوں نے 1500 ڈالرز کی رقم ادا کی۔

حیرانی کی بات یہ تھی خاتون نے یہ آرڈر ایپل کی آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے ہی کیا تھا لیکن جب انہیں آرڈر موصول ہوا تو اس میں فون کی بجائے ایپل یعنی سیب کا جوس تھا۔

خاتون نے اپنی پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ پارسل انہیں براہ راست موصول نہیں ہونا تھا بلکہ انہوں نے پارسل کی ترسیل کے لیے اپنے گھر کے قریب موجود ایک لاکر کا انتخاب کیا تھا۔
اس ضمن میں ایپل کمپنی اور ایکسپریس میل سروس (ایپل کے آفیشل کوریئر پارٹنر) دونوں کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ آئی فون 12 اس ہی جگہ پر بھیجا گیا ہے جس کی انہیں درخواست موصول ہوئی تھی۔

تاہم چینی خاتون کا کہنا ہے کہ انہیں فون کی جگہ ایپل جوس ہی موصول ہوا۔ انہوں نے اس واقعے کی جانچ کے لیے مقامی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ بھی درج کرایا ہے۔

یہ واقعہ سامنے آنے کے بعد کورئیر کمپنی نے بھی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں