فضائی نقل وحمل کی عالمی تنظیم (ایاٹا) کے ڈپٹی چیئرمین محمد البکری نے کہا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر فضائی سفر کی بحالی کے لیے انٹرنیشنل کورونا ڈیجیٹل پاسپورٹ مناسب حل ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افریقا اور مشرق وسطیٰ میں فضائی نقل و حمل کی عالمی تنظیم (ایاٹا) نے کورونا ڈیجیٹل پاسپورٹ کو فضائی سفر کو معمول پر لانے کے لیے حل قرار دیا۔
ڈپٹی چیئرمین محمد البکری
انہوں نے کہا کہ کورونا پاسپورٹ ایک طرح سے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے مسافر سے متعلق تمام تر معلومات حاصل کی جاسکتی ہے، یہ بھی پتا لگتا ہے کہ اس نے کورونا ٹیسٹ کرایا اور ویکسین لی ہے یا نہیں لی۔
محمد البکری کا کہنا تھا کہ ہر مسافر اپنے ممالک کی جانب سے عائد پابندیوں پر عمل کرنے کا مجاز ہوگا، کورونا ٹیسٹ اور ویکسین کے ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ سے مسافروں اور سرکاری اداروں کا وقت اور محنت دونوں بچیں گے۔
علاوہ ازیں فضائی کمپنیوں کو بھی وبا کے پھیلاؤ روکنے میں معاونت ملے گی۔ ایاٹا نے امید ظاہر کی ہے کہ عالمی سطح پر فضائی سرگرمیاں معمول پر آجائیں گی لیکن اس کے لیے ابھی وقت لگے گا۔