PSL: مزید 2 کھلاڑیوں، ایک سپورٹنگ ممبر کا کورونا ٹیسٹ مثبت

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل )میں شامل مزید 2 کھلاڑیوں اور ایک سپورٹنگ اسٹاف ممبر کاکورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ایونٹ میں شریک آسٹریلوی کھلاڑی فواد احمد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈکا میچ بھی ملتوی کر دیا گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان سمیع الحسن برنی نے آج کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ بورڈ نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 244 ٹیسٹ کیے جن میں کھلاڑی اور آفیشلز شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایونٹ میں 112 افراد پر مشتمل براڈ کاسٹنگ اسٹاف بھی شریک ہے جس کے ٹیسٹ آج کیے گئے ہیں۔

سمیع الحسن نے مزید کہا کہ آج اسلام آباد اور کوئٹہ کا میچ شیڈول کے مطابق ہو گا جب کہ فرنچائز مالکان کو اعتماد میں لینے کے لیے آج ایک ورچوئل میٹنگ بھی ہو رہی ہے جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج دو غیرملکی کھلاڑیوں اور ایک ٹیم کے سپورٹنگ اسٹاف ممبر کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس کے بعد انہیں ہوٹل کی ہی ایک منزل پر قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے شیڈول میں تبدیلی نہیں کی جا رہی جب کہ میچوں میں تماشائیوں کی شرکت بھی برقرار رکھی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں