قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے شاہد آفریدی کی جانب سے ان کے لیے دعاؤں اور نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کیا ہے۔
کچھ دیر قبل شاہد آفریدی کی جانب سے اپنی بیٹی کے لیے شاہین آفریدی کا رشتہ آنے کی تصدیق کی گئی تھی جس میں انہوں نے فاسٹ بولر کی کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا تھا۔
ایک ٹوئٹ میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ شاہین کے گھر والوں نے میری بیٹی کے رشتے کے لیے رابطہ کیا ہے۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ دونوں خاندان رابطے میں ہیں، جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں اور اگر اللہ تعالیٰ کی مرضی ہوگی تو یہ جوڑی بھی بن جائے گی۔
Alhumdulillah. Thanks Lala for your prayers. May Allah SWT make things easier for everyone. You are the pride of entire nation. https://t.co/xfQYnb0ONZ
— Shaheen Shah Afridi (@iShaheenAfridi) March 7, 2021
ان کا مزید کہنا تھا کہ میری دعائیں ہیں کہ شاہین آفریدی کرکٹ میں اورکرکٹ کے علاوہ بھی مسلسل کامیابیاں حاصل کریں۔
شاہد آفریدی کی ٹوئٹ ری ٹوئٹ کرتے ہوئے شاہین آفریدی کا کہنا ہےکہ ‘لالہ ، دعاؤں کے لیے آپ کا بہت شکریہ، اللہ تعالی سب کے لیے آسانیاں پیدا فرمائے ، آپ قوم کا فخر ہیں۔
خیال رہےکہ شاہین شاہ آفریدی کے والد ایاز خان نے دعویٰ کیا تھا کہ شاہین آفریدی کے لیے شاہد آفریدی کی بیٹی کا رشتہ مانگا ہے اور ان کے خاندان نے رشتہ دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہدآفریدی کی بیٹی کے ساتھ منگنی کی رسم جلد طے پا جائے گی۔