لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی بیورو کریسی پر برہم ہو گئے۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی کی صدارت میں شروع ہوا تو اسپیکر نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
چوہدری پرویز نے ریسکیو 1122 کے معاملے کو لے کر ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کے بارے میں سخت ریمارکس دیے اور انہیں اسمبلی میں طلب کر لیا۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ ریسکیو 1122 فیصل آباد اسٹیشن کی تعمیر کے لیے 10کروڑ روپے کے فنڈز ایک سال سے پڑے ہیں لیکن ڈپٹی کمشنر فیصل آباد میرے سمیت کسی کی بات ہی نہیں سنتا۔
ادھر اپوزیشن رکن خلیل طاہر سندھو کا کہنا تھا کہ گریڈ 18 کا افسر اسپیکر پنجاب اسمبلی کی بات نہیں سنتا، اس پر بڑا افسوس ہے، تمام جماعتوں کو ایوان کے تقدس پر ایک ہونا ہو گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس صرف 25 منٹ جاری رہا، جس کے بعد اسپیکر نے اجلاس منگل دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دیا۔