’’کورونا کیسز میں اضافہ، لاک ڈاؤن پر غور کیا جاسکتا ہے‘‘

اسلام آباد: نیشنل کنٹرول اینڈ کمانڈ سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ کورونا کیسز میں اضافہ سنجیدہ مسئلہ ہے، لاک ڈاؤن پر غور کیا جاسکتا ہے۔

اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں کورونا کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں ملک میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ پر غور کیا گیا، این سی او سی نے کورونا پھیلاؤ روکنے کے لیے پنجاب کے اقدامات کی تعریف کی۔

اسد عمر نے کہا کہ کورونا کیسز میں اضافہ سنجیدہ مسئلہ ہے، ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 6 فیصد تک پہنچ چکی ہے، کورونا کے بیشتر کیسز اسلام آباد، پنجاب، کے پی، آزاد کشمیر کے کچھ شہروں سے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں کو کورونا ایس او پیز پر سخت عملدرآمد کے لیے ہدایت جاری کی ہیں، صوبے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے سخت ایکشن لیں۔

سربراہ این سی او سی نے کہا کہ پنجاب اور کے پی میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن پر غور کیا جاسکتا ہے، کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے تمام فیصلے فریقین مشاورت سے کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں