کورونا کیسز میں اضافے کے باعث اسلام آباد اور لاہور سمیت 7 شہروں میں تعلیمی ادارے آج سے 15 روز کے لیے بند کردیے گئے ہیں۔
جی نیوز کے مطابق کورونا کیسز میں اضافے پر اسلام آباد کے مزید 2 علاقے بھی سیل کیے گئے ہیں جب کہ لاہور، گجرات ، گوجرانوالا اور راولپنڈی کے کئی علاقوں میں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے 6 اضلاع میں تمام پارکس اور کاروباری مراکز آج سے شام 6 بجے بند ہوں گے۔
ملک کے مختلف شہروں میں کورونا کی تیسری لہر کے باوجود عوام بے پروا ہ ہیں اور شہریوں نے6 فٹ فاصلے، ماسک پہننے سمیت دیگرپابندیوں کو ہوا میں اڑا دیا ہے۔
واضح رہےکہ ملک میں کورونا کی تیسری لہر کے بعد وزیر تعلیم شفقت محمود نے 15 مارچ سے اسلام آباد سمیت پنجاب کے 7 شہروں کے تعلیمی اداروں میں موسم بہار کی چھٹیوں کا اعلان کیا تھا جب کہ این سی او سی نے شادی ہالز اور سنیما ہالز سمیت ان ڈور ڈائننگ سے متعلق بھی پابندیاں برقرار رکھی ہیں۔