پاکستان کی معروف اداکارہ و ماڈل مہوش حیات نے میزبان و اداکار واسع چوہدری کو باڈی شیمنگ پر بات کرنے کے حوالے سے تنبیہ کردی۔
حال ہی میں اداکارہ مہوش حیات نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شریک ہوئیں جس دوران میزبان واسع چوہدری نے اداکارہ سے شہرہ آفاق ترک ڈرامے ارطغرل غازی کے کرداروں سے متعلق سوا ل کیا۔
واسع چوہدری نے مہوش حیات سے سوال کیا کہ وہ ارطغرل غازی کے کردار میں پاکستان کے کس اداکار کو اداکاری کرتا دیکھنا چاہیں گے ؟ مہوش حیات نے سوال کے جواب میں اداکار ہمایوں سعید اور اداکار فواد خان کا نام لیا۔
جب کہ ارطغرل غازی کے ساتھیوں کے سوال پر اداکارہ نے احمد علی بٹ کا نام لیا جس پر واسع چوہدری نے ترگت اور بامسی کے کردار کے لیےاحمد بٹ کا نام سن کر ان کی جسمانی ساخت کو نشانہ بنایا ۔
واسع چوہدری کا کہنا تھا کہ پلیز میرے سامنے یہ نہ کہیں کہ احمد بٹ وہ بھی گھوڑے پر اور گھوڑا بھاگے بھی۔
اس پر مہوش حیات نے واسع چوہدری کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا آپ نے احمد بٹ کو دیکھا نہیں ہے کیا ؟ اور برائے مہربانی میرے سامنے کسی کی بھی جسمانی ساخت کے بارے میں بات نہ کریں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ اگر آپ دوست ہیں تو دوستوں کے درمیان ایسی گفتگو کریں، کسی پلیٹ فارم پر بیٹھ کر کریں گے تو لوگ سنیں گے اور پھر یہی بات وہ بھی کریں گے تو کون ذمہ دار ہوگا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اداکارہ و میزبان جگن کاظم بھی برطانوی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو کے دوران بچے کی پیدائش کے بعد باڈی شیمنگ سے متعلق کیے گئے تلخ تجربات کا ذکر کرچکی ہیں۔