لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کل تک بہن بھائی کا راگ الاپنے والے آج دست و گریباں ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے بیانیہ کی موت ہو گئی ہے اور جعلی راج کماری کی سیاست بھی زمین بوس ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ بے وقت کی راگنی ملکی اور عوامی مفادات سے نہیں جڑا تھا بلکہ چوں چوں کے مربے میں ہر طرح کا مفاد شامل تھا۔ میں نے ہمیشہ بار بار ایک ہی بات کہی ہے اور میرے الفاظ کو مہر تصدیق ثبت کرنے پر آصف زرداری کا شکریہ۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آصف زرداری نے نواز شریف کے خوفناک چہرے کو بھانپ لیا تھا اور ایک کٹھ پتلی سیاستدان کے ذریعے پاکستان نہ کھپے کا نعرہ لگوایا۔
انہوں نے کہا کہ دوائی لینے جانے والے کی بیٹی نے اعتراف کرلیا کہ اس کی جان کو نیب سے خطرہ ہے۔ نیب سے کسی کو کوئی خطرہ نہیں بلکہ اثاثے ضبط ہونے کا خطرہ ہے۔ ان کے اندر کی اہم کہانی کل باہر آئی۔
معاون خصوصی نے کہا کہ اسحاق ڈار پاکستان آئے گا تو سیاسی جرم کا اعتراف کرے گا اور جس دن یہ پاکستان پہنچے گا گھر کا بھیدی لنکا ڈھائے گا۔ شاہد خاقان عباسی نے اسحاق ڈار کو ملک سے فرار کرایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار سینیٹ کا ووٹ ڈالنے کے لیے بھی نہیں آئے۔ پیپلز پارٹی نے اپنا سینیٹر بھی بنایا اور سندھ کی حکومت بھی بچائی۔ کل تک بہن بھائی کا راگ الاپنے والے آج دست و گریباں ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ معیشت کو پریشان کن حالات کی طرف دھکیلنا اور ملک میں افراتفری پھیلانا ان کے حصے کا کام تھا جو انہوں نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اس وقت سب سے بڑا چیلنج مہنگائی ہے۔