آصف زرداری نے استعفے نواز شریف کی پاکستان واپسی سے مشروط کر دیے
سابق صدر آصف علی زرداری نے اسمبلیوں سے استعفے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی پاکستان واپسی سے مشروط کر دیے۔
آصف زرداری کا کہنا ہے کہ میاں صاحب وطن آئیں گے تو استعفے ان ہی کے پاس جمع کروائیں گے، نواز شریف کو جنگ کرنی ہے تو پاکستان آنا ہو گا، اسمبلیاں چھوڑنا عمران کو مضبوط کرے گا۔
دوسری جانب مریم نواز نے نواز شریف کی پاکستان واپسی کے لیے آصف زرداری ہی سے ضمانت مانگ لی اور کہا کہ نیب کی تحویل میں میاں صاحب کی جان کو خطرہ ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا آصف زرداری اس بات کی ضمانت دیں کہ ان کے والد کی جان کو پاکستان میں خطرہ نہيں ہو گا تو نواز شریف پاکستان آ جائیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے 26 مارچ سے شروع ہونے والا اجلاس پاکستان پیپلز پارٹی کے استعفوں سے مشروط کر دیا ہے اور گزشتہ روز پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے استعفوں کے معاملے پر پارٹی مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے۔