اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا ریونیو 50 بلین سے بڑھا ہے، 20 ملین پلس ماہانہ ریکوری کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے موٹر وے پولیس افسران کے اعزاز میں منعقد تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں مشورہ ایپ کا اجرا کر دیا گیا جس سے مسافر موٹر وے پولیس کو مشورہ دے سکیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مراد سعید نے کہا کہ ہمسفر ایپ شہروں کے لیے بنائی گئی تھی، ایپ سے پتا چلایا جا سکتا تھا کہ کہیں ٹریفک جام یا کوئی مسئلہ تو نہیں۔ ہماری وزارت نے اپنے تمام اہداف کو مکمل کیا ہے۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا ریونیو 50 بلین سے بڑھا ہے، قوم کے خزانے کا تحفظ ہوگا، 20 ملین پلس ماہانہ ریکوری کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قبضہ گروپ کے خلاف بہت بڑا جہاد شروع کر رکھا ہے، لاہور کا بڑا قبضہ گروپ پچھلی حکومت کے ساتھ ملا ہوا تھا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ہم سے کہا تھا کہ ادارے میں شفافیت اور احتساب کا عمل لانا ہے، پختونخواہ کی 100 فیصد آبادی کو مفت علاج مل رہا ہے۔ سال کے آخر تک پنجاب کے ہر شہری کے پاس صحت انصاف کارڈ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم 3 ہزار 336 کلو میٹر پر کام شروع کرنے جا رہے ہیں، اس سال 6 ہزار کلو میٹر سے زیادہ سڑکوں پر کام شروع ہوگا۔ 25 مئی کو سیالکوٹ کھاریاں موٹر وے کا افتتاح کریں گے۔ چترال شندور موٹر وے کا افتتاح کریں گے۔ کوئٹہ بائی پاس اور ڈیرہ مراد جمالی کا بھی اسی ماہ افتتاح کریں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم سکھر حیدر آباد موٹر وے کا اگست میں افتتاح کریں گے، بلکسر میانوالی موٹر وے کا بھی افتتاح اسی سال کریں گے۔ اس وقت 26 نئے پروجیکٹس پر کام جاری ہے۔