فضل الرحمان اور زرداری کا پی ڈی ایم اتحاد برقرار رکھنے پر اتفاق

جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری نے حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے آصف علی زرداری سے ٹیلی فونک رابط کیا جس میں دونوں رہنماؤں نے اختلافی امور مشاورت سے طے کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ آصف زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو اختلافی امور پر مشاورت کے لیے 3 اپریل کو پارٹی کی سی ای سی کے اجلاس بلانے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی، دونوں رہنماؤں نے یوسف رضا گیلانی کی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں شکست کے معاملے پر جلد عدالت سے رجوع کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے آصف علی زرداری سے اختلافی امور کو اوپن نہ کرنے کی بھی درخواست کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری سے رابطے کے بعد نواز شریف سے رابطہ کیا۔

خیال رہے کہ مولانا فضل الرحمان اور نواز شریف کے درمیان ہونے والے ٹیلی فونک رابطے میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پی ڈی ایم استعفوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے فیصلے کا انتظار کرے گی، اگر پیپلز پارٹی پی ڈی ایم میں نہیں آتی تو پھر دیگر پارٹیاں اپنا لائحہ عمل جاری کریں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں