گورنر پنجاب چودھری سرور کا کہنا تھا کہ حکومت کمزور طبقے کو اوپر لانے کی پالیسی پر گامزن ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما نے کہا کہ حکومت متوسط طبقے کو مضبوط کرنے کیلئے اقدامات جاری رکھے گی، پہلی بارکوئی حکومت غر یبوں کی ترقی کے لیے عملی کام کر رہی ہے۔
چودھری سرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا کوئی ذاتی ایجنڈہ نہیں وہ ملکی ترقی چاہتے ہیں۔ نیا پاکستان ہاوَسنگ متوسط اور غر یب طبقے کیلئے حکومت کا تحفہ ہے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیرا عظم غر یب طبقے کا اپنے ذاتی گھر کا خواب پورا کررہے ہیں، کسی بھی فرد کیلئے اپنا گھر ہونا کسی نعمت سے کم نہیں ہوتا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ روزگار کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا کے علاقے نوشہرہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روزگار کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ زیتون کی کاشت سے کسان خوشحال ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کا بڑا چیلنج فوڈ سیکیورٹی ہے۔ جب حکومت ملی تو پاکستان کا مالیاتی خسارہ تاریخی تھا جبکہ رواں سال ہم نے 40 لاکھ ٹن گندم امپورٹ کی۔ ملک میں برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں کمی ہوئی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے ملک کا دوسرا چیلنج غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں ماحولیاتی تبدیلی بڑا چیلنج بن چکی ہے جبکہ ہمارا چیلنج 10 ارب درخت لگانا ہے اور پھلوں کے درخت لگانے کے لیے بھی اقدامات کر رہے ہیں جو آمدنی میں اضافے کا سبب بنیں گے۔