پاکستانی فلم انڈسٹری کے مقبول ہدایت کار سرمد کھوسٹ کی فلم ’زندگی تماشا‘ ایشین ورلڈ فلم فیسٹیول میں بہترین فلم اور بہترین اداکار کا ایوارڈ لینے میں کامیاب ہوگئی۔
رواں ہفتے کے دوران منعقدہ ایونٹ ایشین ورلڈ فلم فیسٹیول میں 20 ممالک کی 40 فلموں کو نامزد کیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ایشین ورلڈ فلم فیسٹیول میں بہترین فلم کا اسنو لیوپرڈ ایوارڈ ہدایت کار سرمد کھوسٹ نے اے ڈبلیو ایف ایف کی جیوری ممبر سے وصول کیا جب کہ اسنولیپر کے بہترین اداکار کا ایوارڈ زندگی تماشہ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے عارف حسین کو دیا گیا۔
خیال رہے کہ سرمد کھوسٹ کی فلم زندگی تماشا کو آسکرز کی بہترین فیچر فلم کے لیے منتخب 11 فلموں اور گولڈن گلوب ایوارڈ کے لیے نامزد 12 بیسٹ موشن پکچر ،فارن لینگویج کے لیے نامزد کیا جاچکا ہے۔
فلم ’زندگی تماشہ‘ کی کہانی لاہور میں مختلف افراد کی زندگی گزارنے کے فن کا آئینہ ہے جب کہ فلم کی کاسٹ میں سمیا ممتاز، عارف حسن، ماڈل ایمان سلیمان اور علی قریشی بھی شامل ہیں۔
ہدایت کار سرمد کھوسٹ کے ساتھ اس فلم کی شریک پروڈیوسر ان کی بہن کنول کھوسٹ ہیں جب کہ فلم کا اسکرپٹ نرمل بانو نے تحریر کیا ہے۔