ملک میں اتوار سے تیزہواؤں کیساتھ بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے اتوار سے ملک میں بارشوں کی پیش گوئی کردی، جبکہ بعض مقامات پر تیزہواؤں کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے اتوار سے منگل کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمے کا کہنا ہے کہ ہفتے کی رات سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہوگا، نیا سسٹم اتوار کو بالائی اور وسطی علاقوں میں پھیل جائے گا اور منگل تک بالائی علاقوں پر موجود رہے گا۔

ہفتے کی شام سے پیر کے دوران شمالی بلوچستان میں بارشیں متوقع ہیں، سبی، بارکھان، قلات اور خضدار میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ شہید بینظیر آباد، جیکب آباد، سکھر اور لاڑکانہ میں بھی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار سے منگل کے دوران کشمیر، جی بی اور اسلام آباد میں بھی بارش برس سکتی ہے جبکہ کے پی، بلوچستان اور کشمیر میں چند مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

ہزارہ ڈویژن، کوہستان، سوات، چترال میں بارش کا امکان ہے جبکہ دیر، شانگلہ، بونیر، کوہاٹ اور پشاور میں بھی موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کرم، وزیر ستان، بنوں، ڈی آئی خان میں بارشیں متوقع ہیں جبکہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی اتوار سے منگل کے دوران بارشوں کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں