کراچی: قومی ایئر لائن پی آئی اے کا طیارہ پی کے 306 نواب شاہ کے قریب آسمانی بجلی کی زد میں آگیا لیکن خوش قسمتی سے کسی بھی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔
پی آئی اے کی پرواز پی کے 306 کراچی سے لاہور جارہی تھی کہ نواب شاہ کے قریب اچانک موسم خراب ہونے کے باعث طیارہ آسمانی بجلی کی زد میں آیا۔
اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ کپتان طیارے کو آسمانی بجلی سے بچاتے ہوئے مزید بلندی پر لے گیا۔
ذرائع کے مطابق آسمانی بجلی سے طیارے کے پرائمری ریڈار کو بھی نقصان پہنچا لیکن کپتان نے کمال مہارت سے طیارے کو بحفاظت لاہور ایئرپورٹ پر اتار لیا۔
اس حوالے سے قومی ایئر لائن پی آئی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کپتان کو محسوس ہوا تھا کہ دائیں پر کی جانب بجلی گری ہے لیکن طیارے کے لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کے بعد جب انجینئرز نے معائنہ کیا تو طیارے پر بجلی گرنے کے آثار دکھائی نہیں دیے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارے کو کلیئر کرنے کے بعد پرواز پی کے 307 لاہور سے کراچی روانہ کردی گئی ہے۔
گزشتہ سال 22 مئی جمعۃ الوداع کے لاہور سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب ماڈل کالونی جناح گارڈن کی رہائشی آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 97 مسافر جاں بحق ہوگئے تھے جب کہ 2 مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہے تھے۔