کویت: پاکستانی ڈاکٹروں اور نرسوں کو ملازمت دینے پر متفق

اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کویت نے پاکستان سے مزید ڈاکٹروں اور نرسوں کو ملازمت پر بلانے پہ اتفاق کیا ہے۔

دفتر خارجہ میں کویت کے وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر احمد نصر المحمد الصباح کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان مخلتف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے مستقبل کے لیے روڈ میپ اور اہداف طے کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ویزہ امور میں بھی پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بہت سے شعبوں میں ایک دوسرے کی امداد کریں گے۔

کویت کے وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ کورونا کے باعث نہ صرف کویت بلکہ دنیا بھر میں خوراک کے تحفظ کو خطرہ درپیش ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تحفظ خوراک پر تعاون کی بات کی ہے۔

کویت کے وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر احمد نصر المحمد الصباح نے کہا کہ ہمارے پاکستان سے گہرے تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کویت کی اعلیٰ قیادت نے ویزہ امور پر سنجیدگی سے غور کرنے اوراس کے حل کی سنجیدہ کوششوں کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

کویتی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کویت کی اعلیٰ قیادت کی ہدایت پر پاکستان کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پاکستان کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہیں۔

کویت کے وزیر خارجہ نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ پاکستان کے ساتھ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مشرق وسطی کی صورتحال پر کویت کے امیر کا پیغام بھی پاکستان کی اعلیٰ قیادت کوپہنچایا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں