لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ملک پر مسلط ٹولے سے قوم کو نجات دیں گے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عید کے بعد لانگ مارچ کریں گے اور حکومت کو چلتا کریں گے۔ لانگ مارچ کا منسوخ ہونا غلط ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قربانی کی عید سے پہلے ان کی قربانی کریں گے اور ملک پر مسلط ٹولے سے قوم کو نجات دیں گے۔ قوم اور ملک کو حکومت سے آزادی دے کر رہیں گے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ غیر جمہوری اور غیر آئینی ٹولے کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی جبکہ 9 جماعتوں نے تجویز دی ہے کہ پہلے قومی اسمبلی سے استعفے دیئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ خیال تھا پیپلز پارٹی سندھ حکومت کی وجہ سے استعفوں سے اجتناب کر رہی ہے اور پیپلز پارٹی پہلے بھی استعفوں کے حق میں نہیں تھی۔
اس سے قبل رانا ثنا اللہ انسداد منشیات عدالت لاہور میں پیش ہوئے۔ رانا ثنا اللہ پر فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر 3 اپریل تک مؤخر کر دی گئی۔
وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ شریک ملزم کو کورونا کی علامات تھیں اس لیے پیش نہیں ہوا۔
جج نے وکیل سے استفسار کیا کہ ملزم کی رپورٹ کہاں ہے ؟ جس پر وکیل نے کہا کہ رپورٹ ابھی آنی ہے۔ ملزم اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں ہے۔
جج نے ریمارکس دیے کہ ایک ہفتے کی تاریخ دے رہے ہیں ملزم کی کورونا رپورٹ پیش کریں۔