وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے مگر اس ان کی علامات شدید نہیں ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا کورونا کا ٹیسٹ آج ہی کیا گیا ہے جو کہ مثبت آیا۔
شہباز گل کے مطابق وزیراعظم اپنی رہائش گاہ پر قرنطینہ میں ہیں اور اللہ کا شکر ہے کہ ان کی علامات شدید نہیں ہیں اور بہت ہلکی سی کھانسی اور ہلکا سا بخار ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے کورونا مثبت آنے کو کسی بھی صورت ویکسین سے نہیں جوڑنا چاہیے کیونکہ ویکسین لگنے کے بعد اینٹی باڈیز (قوت مدافعت) بننے میں 2 سے 3 ہفتے لگتے ہیں۔
وزیراعظم صاحب کا کرونا کا ٹیسٹ آج ہی کیا گیا ہے۔
براہ مہربانی اس کو کرونا ویکسین کے ساتھ لنک مت کریں۔ ویکسین لگنے کے کچھ ہفتے کے بعد قوت مدافعت پیدا ہوتی ہے۔ اپنے بزرگوں اور پیاروں کو ویکسین ضرور لگوائیں۔ احتیاط کریں۔ https://t.co/D13YTpBq7h
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) March 20, 2021
انہوں نے کہا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وزیراعظم کی یہی ہدایت ہے کہ اس کو ویکسین سے کسی بھی صورت نہ جوڑا جائے۔
دوسری جانب انڈس اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر عبدالباری کا بھی کہنا ہے کہ وزیراعظم کو کورونا ویکسین لگنے سے پہلے ہی لگا ہوگا کیونکہ کورونا کی علامات سامنے آنے میں 5 سے 7 دن لگتے ہیں۔
یاد رہےکہ وزیراعظم عمران خان نے دو روز قبل یعنی جمعرات کو کورونا کی چینی ویکسین لگوائی تھی۔