وزیراعظم پاکستان عمران خان کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کی جانب سے بھی اس خبر کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کاکہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد وہ اپنے گھر میں ہی قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔
PM Imran Khan has tested positive for Covid-19 and is self isolating at home
— Faisal Sultan (@fslsltn) March 20, 2021
وزیراعظم نے دو دنوں میں کس کس سے ملاقاتیں کیں؟
وزیراعظم نے جمعرات کو ویکسین لگوائی اور پھر اسی دن اسلام آباد میں ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح بھی کیا جس میں زلفی بخاری سمیت دیگر لوگ ان کے ساتھ موجود تھے۔
اس کے بعد وزیراعظم نے کویت کے وزیرخارجہ سے بھی ملاقات کی جس میں ان سے دستاویزات کا بھی تبادلہ ہوا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز سوات موٹر وے کا دورہ بھی کیا تھا اور اس موقع پر وزیر مواصلات مراد سعید اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان بھی موجود تھے۔
وزیراعظم کو ویکسین لگنے سے پہلے کورونا ہوا ہوگا: ڈاکٹر عبدالباری
انڈس اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر عبدالباری کا جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ویکسین لگنے کے بعد کورونا مثبت نہیں آتا، وزیراعظم کو ویکسین لگانے سے قبل ہی کورونا کا ایکسپوژر ہوا ہو گا کیونکہ ویکسین لگانے کے بعد کورونا نہیں ہوتا۔
ڈاکٹر عبدالباری کا کہنا تھا کہ ویکسین لگنے کے 2 سے 3 ہفتوں کے بعد اینٹی باڈیز بننا شروع ہوتی ہیں اسی لیے چینی ویکیسین کی دو ڈوز لگائی جاتی ہیں تاکہ اینٹی باڈیز زیادہ بن جائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ وزیراعظم کو علامات بہت کم ہوں گی کیونکہ وہ خود کو فٹ بھی رکھتے ہیں اور آنے والے دنوں میں ان کی اینٹی باڈیز بھی بننا شروع ہو جائیں گی۔