دورہ جنوبی افریقا کے لیے قومی ٹیم میں شامل فاسٹ بولر حسن علی کا کورونا وائرس کا شکار ہونا معمہ بنتا جا رہا ہے۔
پی سی بی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فاسٹ بولر حسن علی تاحال کورونا پوزیٹو ہیں، پی ایس ایل کے دوران کورونا وائرس کا شکار ہونے والے حسن علی کا وائٹ بال اسکواڈ کے دیگر ارکان کی طرح اپنے شہر میں کووڈ 19 کا ٹیسٹ ہوا جو کہ مثبت آیا۔
پی سی بی کی طرف سے جمعرات کو ان کے کیے گئے دوسرے ٹیسٹ کی رپورٹ بھی مثبت آئی، جس کی وجہ سے انہیں ابھی تک قومی ٹیم کا کیمپ جوائن کرنے کے لیے لاہور سفر کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ دو ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے پر حسن علی کا ایک اور جگہ سے کورونا کا ٹیسٹ ہوا جس کا نتیجہ منفی آیا مگر پی سی بی اپنے پروٹوکولز کے مطابق حسن علی کا ایک اور ٹیسٹ کروائے گا اور ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آنے کی صورت میں فاسٹ بولر کو گوجرنوالا سے لاہور بلایا جائے گا اور پھر انہیں دو دن کی آئسولیشن مکمل کرنی ہے، اس دوران انہیں قومی ٹیم کو جوائن کرنے کی اجازت ہو گی۔
اس صورت حال میں حسن علی کی جنوبی افریقا روانگی غیر یقینی ہے، پاکستانی اسکواڈ کی تیسری اور آخری کووڈ ٹیسٹنگ 24 مارچ کو شیڈول ہے جس میں منفی رزلٹ والے اراکین ہی 26 مارچ کو جنوبی افریقا جا سکیں گے۔