مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی مقبولیت سلطنت عمرانیہ کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔
محمد زبیر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مریم نواز، نواز شریف اور مسلم لیگ ن کا فخر ہیں اور انہوں نے نواز شریف کا بیانیہ پوری طاقت کے ساتھ زندہ رکھا ہوا ہے۔
سابق گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی مقبولیت ہی سلطنت عمرانیہ کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔
نیب کی جانب سے مریم نواز کو بھیجے گئے نوٹس پر ترجمان مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایک دفعہ پھر جھوٹا، بے بنیاد اور کھوکھلا سیاسی کیس بنانے کی بھونڈی کوشش کی جا رہی ہے۔
محمد زبیر کا کہنا تھا کہ نیب تحریک انصاف کا احتساب ونگ بن چکا ہے، نیب نیازی گٹھ جوڑ کو عمران خان کی آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی چوری نظر نہیں آتی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کو بی آر ٹی، مالم جبہ، بلین ٹری سونامی اور ہیلی کاپٹر کیس میں ڈاکا نظر نہیں آتا۔
رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ نیب خود پرامن احتجاج کو سیاسی پریس ریلیز نکال کر اشتعال پھیلا رہا ہے، نیب کی شفافیت اور غیر جانبداری اب سوالیہ نشان بن چکی ہے۔
محمد زبیر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے سیاسی طلبی کا جواب ایک پُرامن سیاسی احتجاج سے دیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ نیب نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو 26 مارچ کو طلب کر رکھا ہے اور مریم نواز کی نیب عدالت پیشی کے موقع پر کسی بھی قسم کی بدمزگی کے پیش نظر رینجرز کی طلبی کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔