اسلام آباد میں یومِ پاکستان کی مناسبت سے شاندار پریڈ اور تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اسلام آباد کے شکر پڑیاں گراؤنڈ میں مسلح افواج کی پریڈ میں تمام صوبوں کی ثقافت جھلکتی رہی جب کہ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے وفود بھی تقریب میں شریک تھے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر دفاع پرویز خٹک سمیت دیگر وفاقی وزرا بھی یوم پاکستان کی پریڈ میں موجود تھے جب کہ وزیراعظم عمران خان کورونا میں مبتلا ہونے کے سبب پریڈ میں نہیں آسکے۔
اس کے علاوہ غیر ملکی سفیروں اور دیگر سول و اعلیٰ عسکری حکام بھی پریڈ میں شریک ہوئے۔
صدر مملکتِ عارف علوی کو صدارتی پروٹوکول میں پریڈ میں لایا گیا جس کے بعد قومی ترانا بجایا گیا اور تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے صدر کو سلامی پیش کی۔
مسلح افواج کی سلامی کے بعد صدر پاکستان عارف علوی نے پریڈ کا معائنہ کیا جس کے بعد پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کی سربراہی میں فضائیہ اور پاک بحریہ کے طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا اور صدر کو سلامی پیش کی۔
تقریب کے موقع پر فوجی دستے اور پریڈ کا حصہ تمام افراد کو ایک خصوصی جیو ببل میں رکھا گیا، پریڈ گراؤنڈ کے اندر جانے اور وہاں سے باہر جانے پر پابندی تھی جب کہ پریڈ دیکھنے والے تمام افراد کو فیس ماسک فراہم کیے گئے اور درجہ حرارت کی جانچ کے لیے ٹمپریچر گنز استعمال کی گئیں۔
تقریب میں مختلف سیگمنٹس کو ظاہر کرنے کے لیے ڈیجیٹل اسکرینیں لگائی گئیں، پریڈ میں ترک فوجی بینڈ، بحرین، فلسطین، عراق، سری لنکا اور ترکی کے پیراٹروپرز نے خصوصی طور پر شرکت کی جب کہ کمانڈربحرین نیشنل گارڈجنرل شیخ عیسیٰ بن خلیفہ، کمانڈر یوکے اسٹریٹجک کمانڈ سرپیٹرک سینڈرز اور چیف آف ڈیفنس اینڈ کمانڈر سری لنکن آرمی نے بھی پریڈ کا مشاہدہ کیا۔
پریڈ کے اسکرپٹ کا آغاز تحریک پاکستان سے ہوا اور قیام پاکستان کے لیے قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا جب کہ ہنگوکے اعتزاز حسن کی طرح دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جان کی قربانی دینےوالوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں مقبوضہ کشمیرکی کم سن پیلٹ گن متاثرین حبانثار اور آصفہ بانو کو خراج تحسین پیش کیا گیا جب کہ نواب سراج رئیسانی، ہارون بلور اور شجاع خانزادہ کو ہمت وعزم کی علامت کےطور پرخراج تحسین پیش کیاگیا۔
پریڈ کا تھیم ایک قوم اور ایک منزل مختلف رنگوں میں نظر آیا، لیڈیز دستے میں پولیس ، رینجرز ، اے این ایف اور اے ایس ایف خواتین افسران شامل تھیں اور پریڈ کا اہم حصہ پرائیڈ آف پاکستان انکلوژر تھا، اس انکلوژر میں ایسے افراد شامل تھے جنہوں نے اپنے شعبوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
تقریب میں مختلف فلوٹس پر پاکستان کے تشخص کی احسن انداز میں عکاسی کی گئی اور ڈھول پارٹی نے مختلف دھنوں سے تمام علاقوں کی نمائندگی کی جب کہ خواتین ڈھولچی ڈھول پارٹی کا اہم حصہ تھیں۔
اسلام آباد میں اس موقع پر آج مقامی سطح پر تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
واضح رہےکہ وفاقی دارالحکومت میں خراب موسم کی بنا پر 23 مارچ کو یومِ پاکستان کی پریڈ کو ملتوی کرکے 25 مارچ کو پریڈ رکھی گئی۔