اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے درخواست جمع کرادی۔
ذرائع کے مطابق یوسف رضا گیلانی نے 30 ارکان کی حمایت کے دستخط کے ساتھ درخواست جمع کرائی ہے۔
دوسری جانب سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر پیپلزپارٹی کو 2 آزاد ممبران کی حمایت مل گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق 2 آزاد ممبران سینیٹ سینیٹر ہدایت اللہ اور سینیٹر ہلال الرحمان نے یوسف رضا گیلانی کی حمایت میں دستخط کر دیے جس کے بعد پیپلز پارٹی کو مجموعی طور پر 26 ارکان سینیٹ کی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ مزید 2 سینیٹرز بھی کچھ دیر میں یوسف رضا گیلانی کے لیے تحریری حمایت پر دستخط کردیں گے۔
علاوہ ازیں حکومت کی اتحادی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کا سینیٹ میں فاروڈ بلاک بن گیا ہے جس میں سینیٹر دلاور خان، سینیٹر احمد، سینٹرکہدا بابر اور سینیٹر ثمینہ ممتاز شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ فاروڈ بلاک اپوزیشن لیڈر کے لیے یوسف رضا گیلانی کی حمایت کر سکتا ہے۔ْ
واضح رہےکہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے پی ڈی ایم جماعتوں میں اختلافات پائے جارہے ہیں اور مسلم لیگ (ن) اپنا اپوزیشن لیڈر لانے کے لیے سرگرم ہے جب کہ پیپلزپارٹی یوسف رضا گیلانی کو اپوزیشن لیڈر بنانا چاہتی ہے۔