وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت انسداد کورونا کابینہ کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اجلاس جاری ہے جس میں کورونا کی تیسری لہر سے متعلق محکمہ صحت کے حکام نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں کورونا ایس او پیز کے نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ این سی او سی کے فیصلوں پر عمل کرایا جائے۔
ادھر لاہور میں مکمل لاک ڈاؤن کی سفارشات تیار کر لی گئیں۔ جس میں کاروباری مراکز، شادی ہالز، ریسٹورنٹس اور پبلک ٹرانسپورٹ بند کرنے کی تجویز دی گئی، عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے مزید اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 41 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 256 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 59 ہزار 116 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 525 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 15 ہزار 227، سندھ میں 2 لاکھ 64 ہزار 889، خیبر پختونخوا میں 85 ہزار 531، بلوچستان میں 19 ہزار 525، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 10، اسلام آباد میں 56 ہزار 450 جبکہ آزاد کشمیر میں 12 ہزار 484 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ ایک لاکھ 7 ہزار 95 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 40 ہزار 369 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ 98 ہزار 197 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 55 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 41 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہزار 256 ہوگئی۔ پنجاب میں 6 ہزار 246، سندھ میں 4 ہزار 491، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 301، اسلام آباد میں 561، بلوچستان میں 206، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 348 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔