انٹربینک میں ڈالر 84 پیسے کمی کے بعد 22 ماہ کی کم ترین سطح پر 152 روپے 25 پیسے پر ٹریڈ ہونے لگا۔
ملک میں ڈالر کی آمد سے اس کی قیمت میں مسلسل کمی کا رجحان جاری، انٹربینک میں دوران ٹریڈنگ ڈالر 84 پیسے کمی کے بعد 22 ماہ کی کم ترین سطح 152 روپے 25 پیسے پر ٹریڈ کرنے لگا، اس سے قبل 23 جون 2019 کو ڈالر 152 روپے 90 پیسے پردیکھا گیا تھا۔
موجودہ حکومت جب اقتدار میں آئی تو اس وقت ڈالر 124 روپے 50 پیسے پر تھا جبکہ 23 اگست 2020 کو انٹربینک میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح 168 روپے 43 پیسے پر پہنچ گیا تھا۔ اگست سے اب تک روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں 9 اعشاریہ 2 فیصد کمی ہوچکی ہے جبکہ صرف مارچ میں ہی ڈالر 3 اعشاریہ 3 فیصد سستا ہوا۔ روپے کے مقابلے ڈالر سستا ہونے سے غیرملکی قرضوں کے بوجھ میں لگ بھگ 1800 ارب روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافے کے ساتھ ساتھ ورلڈ بینک، آئی ایم ایف اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے قرض کی منظوری اور یورو بانڈزکی فروخت سے ڈالر کی قیمت میں کمی آئی۔