وفاقی کابینہ میں رد و بدل کے بعد پنجاب کے وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی بھی تبدیلی کا فیصلہ ہوچکا ہے ، سینئر صحافی ضمیر حیدر کا دعویٰ
اپریل کے مہینے میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ تبدیل کیے جانے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی ضمیر حیدر نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ میں رد و بدل کے بعد پنجاب کے وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی بھی تبدیلی کا فیصلہ ہوچکا ہے اور اس حوالے سے قوی امکان ہے کہ اپریل کے مہنیے میں ان دونوں وزرائے اعلیٰ کو تبدیل کردیا جائے گا۔
نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں انہوں نے کہا کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اپریل میں دونوں وزرائے اعلیٰ کی تبیلی ہوجائے گی لیکن کچھ ذرائع یہ بھی کہتے ہیں کہ وزارئے اعلیٰ کو تبدیل کیے جانے کا فیصلہ تو ہوچکا ہے لیکن شاید انہیں بجٹ کے بعد تبدیل کیا جائے گا ، تاہم زیادہ تر ذرائع کا یہی خیال ہے کہ عثمان بزدار اور محمود خان کو اپریل میں ہی یہ تبدیل کردیا جائے گا۔
دوسری طرف پاکستان پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ ن کو پنجاب میں اپنا وزیراعلی لانے پر حمایت کی پیشکش کردی ، پنجاب اسمبلی میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب میں تبدیلی نا گزیر ہو چکی ہے ، مسلم لیگ ن اپنے وزیراعلی ٰکا اعلان کرے تو پیپلزپارٹی ساتھ دے گی ، اس مقصد کے لیے حکمران جماعت کے 25 سے 30 ارکان پنجاب اسمبلی رابطے میں ہیں ، پی ٹی آئی کے اپنے 30 ممبران بھی سوال کرتے ہیں کہ تبدیلی کیوں نہیں لاتے ، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ان ہاوَس تبدیلی کے لیے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف سے رابطوں کا فیصلہ کیا ہے ، صوبے میں ان ہاؤس تبدیلی کے لیے شہبازشریف اور حمزہ شہباز سے رابطہ کر کے بات کریں گے۔