پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے ہیڈکوارٹرز پر براجمان اشفاق حسین گروپ نے کنٹرول فیفا کی نارملائزیشن کمیٹی کے سپرد کرنے سے انکار کردیا۔
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان کو الٹی میٹم دیا تھا کہ اگر بدھ کی رات 8 بجے تک پاکستان فٹبال فیڈریشن کا انتظامی کنٹرول اس کی مقرر کردہ نارملائزیشن کمیٹی کے سپرد نہیں کیا گیا تو پی ایف ایف پر پابندی لگادی جائے گی۔
فیفا کی جانب سے یہ الٹی میٹم گزشتہ ہفتے کو اشفاق حسین شاہ گروپ کی جانب سے پی ایف ایف دفاتر پر قبضے اور نارملائزیشن کمیٹی کے عہدیداران کو دفاتر سے بے دخل کیے جانے کے بعد جاری کیا گیا تھا۔
اشفاق حسین شاہ 2018 میں سپریم کورٹ کے حکم پر ہونے والے انتخابات کے نتیجے میں پی ایف ایف کے صدر منتخب ہوئے تھے تاہم فیفا نے اس کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا اور 2019 میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے امور چلانے کیلئے نارملائزیشن کمیٹی قائم کردی گئی تھی۔
اشفاق حسین شاہ نے میڈیا کو جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ انہوں نے 18 ماہ پہلے فٹبال کی بہتری کی خاطر انتظامی چارج کمیٹی کے حوالے کیا تھا لیکن اب تک اس کمیٹی نے الیکشن کی جانب کوئی قدم نہیں اٹھایا۔
اشفاق حسین شاہ نے کہا کہ فیفا کے الٹی میٹم کے بعد انہوں نے کانگریس اور ایگزیکٹو کمیٹی سے مشورہ کیا اور یہ اتفاق کیا کہ پی ایف ایف ہاؤس کا کنٹرول نہیں چھوڑنا، اب ہم ہی فٹبال چلائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ فٹبال کی بہتری چاہتے ہیں اور ان کے فیصلے میں کوئی بدنیتی نہیں لیکن جس طرح نارملائزیشن کمیٹی معاملات چلارہی تھی وہ انہیں قبول نہیں تھا۔
اس سے قبل پاکستان کی وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ نے اشفاق شاہ گروپ سے کہا تھا کہ وہ نارملائزیشن کمیٹی کے جون 2021 تک کے مینڈیٹ کا احترام کریں اور پی ایف ایف کا انتظامی کنٹرول کمیٹی کے حوالے کریں۔
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے بھی گزشتہ روز پاکستان کو سخت الفاظ میں خبردار کیا تھا کہ پاکستان فٹبال کی واحد نمائندہ باڈی نارملائزیشن کمیٹی ہے اور اگر فٹبال ہاؤس پر قابض افراد نے بدھ کی رات 8 بجے تک کنٹرول کمیٹی کے حوالے نہیں کیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی جس میں معطلی کا آپشن بھی شامل ہے۔