پاکستان اور جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 2 اپریل کو سینچورین میں کھیلا جائےگا۔
سپر اسپورٹس پارک پر اعداد و شمار کی بات کریں ، تو 20ہزار نشستوں والا اسٹیڈیم ماضی میں 54 بین الاقوامی ون ڈے میچوں کی میزبانی کر چکا ہے۔
سینچورین میں پہلا ون ڈے 11دسمبر 1992ء کو میزبان جنوبی افریقا اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا تھا، جو بھارت نے 4وکٹ سے جیتا تھا۔
سینچورین پر جنوبی افریقا نے اب تک 40ون ڈے کھیلے ہیں ،26جیتے13ہارے جب کہ پاکستان نے سینچورین پر 10ون ڈے کھیلے جن میں سے 4جیتے6ہارے۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان آخری ون ڈے سینچورین پر 25جنوری 2019ء کو کھیلا گیا تھا،امام الحق کی سینچری کیساتھ پہلے کھیلتے ہوئے،پاکستان نے 6 وکٹ پر 317رنز بنائے تھے،بارش سے متاثرہ میچ میں جنوبی افریقا ڈک ورتھ لوئیس قانون کے مطابق 13رنز سے جیت گیا تھا۔
4فروری 2007ء کو سینچورین میں جنوبی افریقا نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کے خلاف 6وکٹ پر 392رنز بنائے تھے، جو سینچورین پر کسی بھی ٹیم کا سب سے بٹرا اسکور بھی ہے۔
سینچورین پر 18بار تین سو سے زائد رنز بنے ہیں ، دو بار پاکستان نے سینچورین پر 300رنز بنائے، سپر اسپورٹس پارک پر پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم 22 اور بعد میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم 30بار جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔
سینچورین پر ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ نے بنائے ہیں،15میچوں میں دائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے 64.57کی اوسط سے 904رنزپانچ سینچریوں کی مدد سے اسکور کیے ہیں، شعیب ملک پاکستان کی جانب سے 5میچوں میں 91.00کی اوسط سے 273رنز بنا کر اس گراؤنڈ پر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں۔
بولنگ کی بات کریں ، تو جنوبی افریقا کے شان پولاک نے 16میچوں میں سب سے زیادہ 32 وکٹیں لے رکھی ہیں، جب کہ پاکستان کے سعید اجمل نے 4 میچوں میں8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔