پی ایس ایل 6کے التوا کا معاملہ، فیکٹ فائنڈنگ پینل نے رپورٹ پی سی بی کو بھجوادی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے التواء پر بنائی گئی 2 رکنی فیکٹ فائنڈنگ پینل نے اپنی رپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کو بھجوا دی ہے ، رپورٹ میں بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزیوں کا تفصیل سے ذکرکیا گیا ہے ۔

وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر سید فیصل محمود اور ڈاکٹر سلمہ محمد عباس پر مشتمل فیکٹ فائنڈنگ پینل نے اپنی رپورٹ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو بھجوائی ہے۔

پی سی بی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کرے گا ۔

ذرائِع کا کہنا ہےکہ رپورٹ میں بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزیوں کا تفصیلی ذکر ہے، پی ایس ایل فرنچائزز نے بائیوسیکور ببل کی خلاف ورزیوں کا پینل کو تفصیل سے آگاہ کیا ۔

رپورٹ میں پی سی بی کے عہدیداروں، پی ایس ایل انتظامیہ اور سیکیورٹی پر مامور افراد سے گفتگو کا بھی حوالہ دیا گیا ہے ، فیکٹ فائنڈنگ پینل کی رپورٹ دو حصوں پر مشتمل ہے۔

پہلے حصے میں لیگ کے لیے بنائے گئے ببل کی خلاف ورزیوں کا ذکر کیا گیا ہے جب کہ رپورٹ کے دوسرے حصہ محفوظ ببل سے متعلق سفارشات دی گئی ہیں ، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بائیو سیکیور ببل پر متعدد مرتبہ کمپرومائز ہوا، اس دوران مختلف اسٹیک ہولڈرز نے انتظامیہ کو مطلع بھی کیا لیکن خلاف ورزیاں سامنے آنے کے باوجود اس حوالے سے اقدامات نہیں کیے گئے ۔

رپورٹ میں فیکٹ فائنڈنگ پینل نے کوتاہیوں ، خلاف ورزیوں اور مستقبل کے لیے سفارشات کا ذکرکیا ہے لیکن ذمہ داروں کی نشاندہی نہیں کی، پی سی بی سفارشات کی روشنی میں فیصلہ سنائےگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں