پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین فخر زمان اتوار کو جوہانسبرگ میں پاکستان کو میچ تو نہ جتواسکے لیکن ان کی 193 رنز کی شاندار اننگز نے ریکارڈ بک میں نام درج کرالیا ہے۔
30 سالہ بلے باز نے 155 گیندوں پر 193 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستا ن کو 342 رنز کے ہدف کے قریب تو پہنچادیا لیکن آخری اوور کی پہلی گیند پر وہ رن آوٹ ہوگئے۔
فخر زمان کی یہ اننگ ون ڈے کرکٹ میں دوسری اننگز میں کسی بھی کرکٹر کی سب سے بڑی اننگ ہے، اس سے قبل یہ اعزاز آسٹریلیا کے شین واٹسن کے پاس تھا، انہوں نے 2011 میں بنگلا دیش کے خلاف 185 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
یہ جنوبی افریقا کے خلاف کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کا سب سے بڑا اسکور ہے جبکہ مجموعی طور پر کسی بھی کھلاڑی کا دوسرا بڑا اسکور ہے۔
بھارت کے سچن ٹنڈولکر نے 2011 میں جنوبی افریقا کے خلاف 200 رنز اسکور کیے تھے جبکہ اس سے قبل پاکستا ن کی جانب سے سب سے بڑی اننگز 135 رنز، سلیم الٰہی نے 2002 میں کھیلی تھی۔
جوہانسبرگ کے وینڈررز میں 193 رنز کی یہ اننگز جنوبی افریقی سرزمین پر کسی غیر ملکی کرکٹر کی سب سے بڑی اننگ ہے، اس سے قبل ڈیوڈ وارنر نے کیپ ٹاؤن میں 173 رنز اسکور کیے تھے۔
فخر زمان کی اننگز میں 10 چھکے شامل تھے یوں وہ جنوبی افریقا کے خلاف ایک ون ڈے میں 10 یا زائد چھکے لگانے والے تیسرے کھلاڑی ہیں۔
مارٹن گپٹل نے جنوبی افریقا کے خلاف 11 چھکے لگائے جبکہ 2010 میں عبدالرزاق بھی جنوبی افریقی بولرز کو 10 چھکے رسید کرچکے ہیں۔
فخر زمان کا انفرادی اسکور کوئی بھی ون ڈے ہارنے والی ٹیم کی جانب سے دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے، سب سے بڑا اسکور زمبابوے کے چارلس کونٹری کا ہے جو 194 رنز بناکر بھی زمبابوے کو بنگلا دیش کے خلاف شکست سے نہ بچاسکے۔