وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں تحریک لبیک کے مطالبات پر مشتمل قرارداد عید سے پہلے پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک لبیک سے معاہدے سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی ، شیخ رشید، پیر نورالحق قادری سمیت دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس میں تحریک لبیک سےہونےوالےمعاہدے پر عملدرآمد پر غورکیا گیا اور فرانس کے سفیر کی ملک بدری کی قرارداد ایوان سے منظور کرانے کی تجویز پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تحریک لبیک کے مطالبات پر مشتمل قرارداد عید سے پہلے پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا تحریک لبیک سےمعاہدے پر عملدرآمد کے لیےکمیٹی دیگر جماعتوں سے بھی بات کرے گی۔
خیال رہے حکومت نے تحریک لبیک سےمعاہدے پر عملدرآمد کیلئے کمیٹی تشکیل دی تھی۔
یاد رہے گذشتہ سال نومبر میں حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان 4نکاتی معدہدہ طے پایا تھا ، جس کے تحت حکومت فرانس کے سفیر کو دو سے تین ماہ میں ملک بدر کرے گی، فرانسیسی سفیر کوپارلیمنٹ سےفیصلہ سازی کے ذریعے ملک بدر کیا جائے گا۔
معاہدے میں کہا گیا تھا کہ پاکستانی حکومت فرانس میں سفیر تعینات نہیں کرےگی اور فرانس کی مصنوعات کا سرکاری سطح پر بائیکاٹ کیا جائے گا۔