اب کراچی میں لوڈ مینجمنٹ کی ضرورت نہیں پڑے گی، کے الیکٹرک کا دعویٰ

کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مونس علوی کا کہنا ہے کہ نیشنل گرڈ سے کراچی کو اب 650 کے بجائے 1100 میگاواٹ بجلی ملا کرےگی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کا کہنا تھا کہ ہمارا معاہدہ گیس کے حوالے سے پی ایل ایل سے ہوا ہے،نیشنل گرڈ سے 650 کے بجائے 1100 میگاواٹ بجلی شہر کوفراہم کی جائے گی، 900 میگاواٹ کے بن قاسم پاور پلانٹ پر 70 فیصد کام کرلیا گیا ہے۔

مونس علوی کا کہنا تھا کہ 190 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جائے گی، 220 کے وی جامشورو کے ڈی اے ڈبل سرکٹ پر تمام کام مکمل ہوگیا ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک سعدیہ داداکا کہنا تھا کہ اب کراچی میں لوڈ مینجمنٹ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، عید کے دنوں میں پورے شہر میں کہیں لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی اور رمضان میں 75 فیصد فیڈرز کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ رکھا جائے گا۔

سعدیہ داداکا کہنا تھا کہ اس منصوبے میں این ٹی ڈی سی کے ساتھ مل کر کام کیا ہے، آج صبح این ٹی ڈی سی سے450 میگاواٹ اضافی بجلی اپنے سسٹم میں شامل کرنے کی منظوری مل گئی ہے،کل 1100میگاواٹ این ٹی ڈی سی سے کراچی والوں کو بجلی مل سکے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اپریل مئی میں بجلی کی طلب 2900 سے 3000 میگاواٹ تک جاسکتی ہے،کراچی کے صارف کو ہر ممکن طریقے سے بجلی فراہم کی جائے گی،زیادہ سے زیادہ بجلی کی طلب 3300 میگاواٹ تک جاسکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں