حرمین شریفین میں رمضان المبارک کی پہلی تراویح ادا کی جارہی ہے۔
مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں کورونا ضابطہ اخلاق کے تحت محدود نمازیوں کے ساتھ نماز تراویح ادا کی جارہی ہے۔
مسجد الحرام میں قاری عبدالرحمان السدیس نماز تراویح پڑھا رہے ہیں، اس موقع پر حرم میں معتمرین کی جانب سے کورونا ایس او پیز کے ساتھ طواف کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
دوسری جانب مدینہ منورہ میں بھی نماز تراویح ادا کی جارہی ہے اور وہاں شیخ عبدالمحسن القاسم نماز تراویح پڑھارہے ہیں۔
خیال رہے کہ سعودی حکومت نے کورونا وائرس کے باعث مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں نمازِ تراویح میں رکعت کی تعداد کو نصف کرنے کا حکم جاری کیا تھا جس کے بعد حرمین میں 10 رکعت نماز تراویح پڑھائی جارہی ہے۔
اس موقع پر تمام تر حفاظتی اقدامات اور تدابیر کو بھی سختی سے اختیار کیا گیا ہے۔