بھارت میں ایک بار پھر ایک دن میں کورونا کے ریکارڈ 2 لاکھ 17 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملک میں کورونا کیسز کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 2 لاکھ 17 ہزار 353 کیسز سامنے آئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں گزشتہ 9 روز کے دوران آٹھویں مرتبہ کورونا کے ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وبا سے 1185 افراد کی ہلاکت کے بعد اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 74 ہزار 308 ہو گئی ہے۔
بھارت میں اب تک ایک کروڑ 43 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں اور بھارت امریکا کے بعد دنیا میں سب سے زیادہ کیسز والا ملک بن گیا ہے۔
کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافے کے باعث بھارت کے اسپتالوں میں مریضوں کے لیے جگہ بھی کم پڑ رہی ہے اور بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں ایک بستر پر دو دو مریضوں کو رکھا جا رہا ہے جبکہ لاشیں کورونا وارڈ کے باہر لاوارث پڑی ہیں۔