اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی آج متحدہ عرب امارات کے تین روزہ سرکاری دورے پر جائیں گے۔
دفتر خارجہ سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر خارجہ اپنے ہم منصب اور شیخ عبد اللہ بن زید النہیان سے ملاقات کریں گے جب کہ شاہ محمود قریشی متحدہ عرب امارات کی دیگر اہم شخصیات اور یواے ای میں پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہےکہ وزیر خارجہ یواے ای میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے ملازمت کے مواقع اور پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود پر تبادلہ خیال کریں گے، اس کے علاوہ دورے میں امارات کی قیادت سے تجارت اور سرمایہ کاری سمیت تمام شعبوں میں تعاون کے حوالے سے بات چیت بھی ہو گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہےکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے دوروں نے دو طرفہ تعاون کو مزید تقویت پہنچانے میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔